اسرائیلی فوج نے اپنی وحشت و بربریت کا کھیل جاری رکھتے ہوئے مغربی کنارے پر واقع فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر حملہ کرکے 3 نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔ جب کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں تیس فلسطینی زخمی بھی ہوگئے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق جنین میں واقع اس پناہ گاہ پر مشتبہ عسکریت پسندوں کی تلاش کے نام پر حملہ کیا گیا۔
اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق اس کیمپ پر دو انتہائی مطلوب عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع تھی جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا گیا ، تاہم چھاپہ مار ٹیم کے وہاں پہنچنے پر القدس بریگیڈ کے کارکنوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
تاہم، فلسطینی حکام نے اسرائیلی فوجی ترجمان کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے روایتی بربریت کا مظاہرہ کیا ، جس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے تین نوجوانوں کی لاشوں اور تیس زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
زخمیوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جب کہ 7 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔