اہم ترین

جو مومنوں کو تکلیف دیتے ہیں وہ کبھی فلاح نہیں پاسکتے، خطبہ حج

مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہربن حمد نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ جو مومنوں کو تکلیف دیتے ہیں کبھی فلاح نہیں پاسکتے۔

مکہ مکرمہ میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کر دیا گیا ہے، ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانیوں سمیت 20 لاکھ سے زائد عازمین نے حج کا رکن اعظم ادا کیا۔

ڈاکٹر ماہر بن حمد نے خطبہ حج میں کہا اللہ تعالیٰ نےحضرت محمدﷺ کو رحمت بنا کر بھیجا، جن لوگوں نے پیغمبر ﷺکی عزت کی، ایمان لائے اور اس نور الہیٰ کی پیروی کی جو نازل ہوا، وہ ہی لوگ کامیاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبر ﷺ کے احکامات پر عمل کا حکم دیا ہے، رسولﷺ کی اتباع کرنے والوں نے ہمیشہ ہدایت پائی ہے۔ تمہیں دنیا کی چمک اور شیطان دھوکے میں نہ ڈال دے۔ اللّٰہ پر توکل کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں کامیابی ملتی ہے۔

ڈاکٹر ماہر بن حمد نے فرمایا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے تفرقہ ڈالنے سے منع کیا ہے، اللّٰہ تعالیٰ نے دین اسلام کو لوگوں کے لیے پسند کیا ہے، اے لوگو! مصیبتوں اور فساد سے دور رہو۔ اللہ سے ڈرتے رہو اور اس دن سے ڈرو جس دن باپ بیٹے کے اور بیٹا باپ کے کام نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر معاملے میں اللہ کا خوف تہمارے دل میں رہنا چاہیے، تقویٰ ہر مسلمان پر واجب ہے کہ ہر نیکی کرتے ہوئے اخلاص کے ساتھ مبنی ہو، اللہ کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق ہو۔ اسلام فحاشی اور برائی سے منع کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام امانت میں خیانت سے منع کرتا ہے، کسی کا حق مت کھاؤ، شراب اور جوا شیطانی عمل ہے، جو مومنوں کو تکلیف دیتے ہیں کبھی فلاح نہیں پاسکتے، ایک دوسرے سے تعاون کرو، مدد کا جذبہ قائم کرو، اللّٰہ تعالیٰ گناہ معاف کر کے درجات بلند کرنے والا ہے۔

خطبہ حج میں انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کی نافرمانی کرنے والا جنت میں داخل نہیں ہو سکتا، انسان اللّٰہ سے ڈر کر زندگی بسر کرے، ان باتوں سے رکنا چاہیے جس میں اللّٰہ کی ناراضی ہے۔

پاکستان