مکہ مکرمہ میں گزشتہ رات مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے گزارنے کے بعد آج آخری مرحلے میں بڑے شیطان کو کنکریاں ماررہے ہیں۔
حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد لاکھوں حجاج گزشتہ رات مزدلفہ پہنچے تھے، نماز مغرب اور عشا کی ادائیگی کے بعد رمی کے لیے کنکریاں اکٹھی کی تھیں ۔
حجاج کرام صبح سویرے ہی سے بڑے شیطان کو کنکریاں ماررہے ہیں۔ جس کے بعد قربانی کا فریضہ انجام دیا جاتا ہے۔ قربانی کے بعد مرد حجاج سر منڈوا کر احرام کھول رہے ہیں۔ جس کے بعد حاجی طواف زیارت کیلئے عام لباس میں مسجدالحرام جائیں گے اور عام لباس ہی میں سعی کریں گے۔
حج کے آخری مرحلے کو خوش اسلوبی سے سرنجام دینے کے لئے سعودی حکومت کی سب سے زیادہ توجہ جمرات پل پر ہوتی ہے۔ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے علاوہ مختلف اداروں کے اسکاؤٹس بھی جمرات پل اور اس کے اطراف میں جانے والے راستوں پر موجود ہیں تاکہ جمرات پر آنے والوں کو اژدہام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔