بھارت میں محمد شامی اور ثانیہ مرزا کو بحیثیت کھلاڑی بہت شہرت حاصل ہے۔ لیکن گزشتہ چند روز سے یہ افواہیں پھیل رہی ہیں کہ یہ دونوں جلد شادی کر سکتے ہیں۔ اگرچہ ان دونوں میں سے کسی نے بھی شادی کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا ہے لیکن خاص طور پر پاکستانی میڈیا میں یہ افواہیں زور پکڑ رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ان افواہوں نے اس وقت زور پکڑا جب سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں محمد شامی اور ثانیہ مرزا ایک ساتھ عروسی لباس پہنے نظر آ رہے ہیں۔
دراصل محمد شامی اور ثانیہ مرزا کی نہ صرف وائرل ہونے والی تصویر جعلی ہے بلکہ ان کی شادی کی افواہیں بھی جھوٹی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر ثانیہ مرزا کی 2010 میں ہونے والی حقیقی شادی کی ہے لیکن کسی نے تصویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے شعیب ملک کے چہرے کی جگہ محمد شامی کا چہرہ لگا دیا ہے۔ یہ تصویر 12 جون سے انٹرنیٹ پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہے۔
دیکھا جائے تو محمد شامی اور ثانیہ مرزا کی شادی شدہ زندگی تقریباً ایک جیسی رہی ہے اور دونوں ہی کی ازدواجی زندگی ناکام رہی ہے۔
محمد شامی پر ان کی اہلیہ حسین جہاں نے 2018 میں گھریلو زیادتی کا الزام لگایا تھا۔ معاملہ بعد میں بہت سنگین ہو گیا جو تاحال جاری ہے۔ اسی وجہ سے شامی اور حسین الگ رہ رہے ہیں لیکن قانونی طور پر ابھی تک ان کی طلاق نہیں ہوئی ہے۔
دوسری جانب ثانیہ مرزا نے 2010 میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی۔ اس سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام اذہان مرزا ملک ہے۔ رواں برس کے اوائل ثانیہ مرزا نے شعیب ملک سے خلع کی تصدیق کی تھی ۔