سعودی عرب نے حج کے دوران شدید گرمی سے 1301 حجاج کرام کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق رواں برس شدید گرمی حج کے ارکان کی ادائیگی اور دن کے وقت کسی قسم کے حفاظتی اقدامات کے بغیر طویل پیدل سفر نے 1301 حجاج جاں بحق ہوگئے۔
سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا کہ عازمین حج کو صحت کی سہولیات ان کی آمد سے پہلے ہی شروع ہوجاتی ہے۔ فضائی، سمندری اور خشکی کے راستے آنے والوں کو گزرگاہوں پر ہی بیماری بیداری کے پروگراموں کے تحت 1.3 ملین حفاظی خدمات فراہم کی گئیں۔
فہد الجلال نے تصدیق کی ہے کہ رواں برس حکام نے گرمی کے دباؤ کے خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔ سعودی نظام صحت نے اس سال گرمی کے دباؤ سے متاثر ہونے والے لوگوں کی بڑی تعداد کی دیکھ بھال کی اور کچھ کی دیکھ بھال اب تک جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 83 فیصد اموات بغیر پرمٹ والے حاجیوں کی ہوئی ہیں۔ یہ وہ لوگ تھے جنہیں حج کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ دہکتے سورج کے نیچے یہ لوگ بغیر کسی پناہ گاہ یا آرام گاہ کے تھے اور ان میں معمر اور بیمار افراد بھی شامل تھے۔