ہالی ووڈ کی معرکۃ الآراء فلم پائریٹس آف دی کیریبین کے کئی سیکوئل میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے فنکار اور سرفر تمایو پیری شارک کے حملے میں ہلاک ہوگئے ۔
امریکی میڈیا کے مطابق تمایو پیری کا تعلق امریکا کی دور دراز ریاست ہوائی سے تھا ۔ وہ جز وقت اداکار اور ساحلوں پر دوبے لوگوں کو بچانے والے لائف گارڈ اور پیشہ ور سرفر تھے۔
ہوائی کے دارالحکومت ہونولولو میں محکمہ بحری تحفظ کے قائم مقام سربراہ کرٹ لیگر نے اپنے بیان میں بتایا کہ تمایو پیری پر ایک شارک نے اس وقت حملہ کیا جب وہ اوہو کے ملایکہانہ بیچ پر سرفنگ کررہے تھے۔
کرٹ لیگر کا کہنا تھا کہ شارک کا حملہ اس قدر شدید تھا کہ وہ جانبر نہ ہوسکے اور حملے کے کچھ ہی دیر بعد انتقال کرگئے۔
تمایو پیری نے پائریٹس آف دی کیریبئین کے چوتھے حصے پائریٹس آف دی کیریبئین : آن اسٹرینجر ٹائیڈز میں بحری قزاق کا کردار ادا کیا تھا۔
اس کے علاوہ 2002 میں ریلیز ہونے والی فلم “بلیو کرش” اور ٹی وی سیریز “ہوائی فائیو-او” میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔