آنجہانی برطانوی شہزادی ڈیانا کے زیر استعمال کئی ملبوسات اور دیگر سامان کو نیلامی کے لئے پیش کردیا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق چند ہفتوں قبل لیڈی ڈیانا کے زیر استعمال کئی ملبوسات نیلام کئے گئے تھے۔ اب ان کے گاؤن، جوتے، ہینڈ بیگ اور ہیٹس سمیت تقریباً 50 اشیا نیلامی میں پیش کی گئی ہیں۔ آن لائن بولی لگانے کا آخری دن 27 جون ہے۔
نیلامی کے لئے پیش کئے گئے سامان کو لیڈی ڈیانا کے لئے وکٹر ایڈلسٹین، مرے اربیڈ اور کیتھرین واکر جیسے بین الاقوامی ڈیزائنرز نے تخلیق کئے تھے۔
نیلام گھر کی منتظم گیبریلا شوارٹز نے کہا کہ ہم یہاں شہزادی ڈیانا کی خوبصورتی کا جشن منا رہے ہیں۔ نیلامی کے لئے رکھی گئی چیزوں میں سے کچھ تو واقعی ایسے ہیں جنہیں ڈیانا نے بہت فخر سے زیب تن کیا اور ان کی دلفریب شخصیت کی علامت بن گئے۔
برطانیہ کے موجودہ بادشاہ چارلس کی پہلی بیوی تھیں۔ دونوں کی شادی 1981 میں ہوئی تھی لیکن ناچاقی اور بے وفائیوں کے بعد 1996 میں ان میں طلاق ہوگئی تھی۔ برطانوی شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد بھی ان کی شہرت میں کمی نہیں آئی تھی۔ 1997 میں وہ پیرس میں اپنے مسلمان دوست کے ساتھ کار حادثے میں ہلاک ہوگئیں۔
عوامی شہزادی کے لقب سے مشہور ڈیانا کو دنیا سے گئے ایک چوتھائی صدی ہوگئی لیکن آج بھی وہ اسٹائل آئیکون سمجھی جاتی ہیں۔ ان کا پہنا ہوا لباس گزشتہ سال 11 لاکھ 40 ہزار ڈالر میں نیلام ہوا تھا۔