سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے گزشتہ برس نو مئی کو پیش آنے والے واقعات پر مشروط معافی مانگنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بی بی سی کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران صحافیوں سے گفتگو کے دوران عمران خان کہا کہ وہ نو مئی کے واقعات پر معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں لیکن انہیں پہلے سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں ۔ فوٹیج میں اگر پی ٹی آئی کے لوگ ملوث پائے گئے تو معافی ضرور مانگیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ’اگر نو مئی میں پی ٹی آئی کے لوگ ملوث پائے گئے ان کو پارٹی سے نکالوں گا اور سزا بھی دلواؤں گا۔ہم بھی نو مئی کو معاف نہیں کریں گے۔ ہمارے لوگوں پر تشدد کیا گیا، پارٹی کوالیکشن نہیں لڑنے دیا گیا۔ نو مئی کے متاثرین ہم ہیں، ہمیں انصاف چاہیے۔
چیف جستس قاضی فائز عیسیٰ پر الزام لگاتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ‘ سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے میرے اغوا کو غیر قانونی کہا ۔ کیا صرف آئی ایس پی ار کی ہی عزت ہے۔ ایک پارٹی سربراہ کی کوئی عزت نہیں۔ میرے اغوا پر مجھ سے معافی مانگی جائے۔