اہم ترین

ہماری عدلیہ نے ارشد ندیم کی طرح ریکارڈ توڑ دیے ہیں: بلاول کی تنقید

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے اداروں کے درمیان بحران کی وجہ سپریم کورٹ کو قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ نے چند ہفتوں قبل اسمبلیوں میں پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کا فیصلہ کیا دیا تھا۔ جس پر حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے کڑی تنقید کی تھی۔ یہ سلسلہ اب تک تھما نہیں۔

بلالو بھٹو زرادری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی محنت کے نتیجے میں ناممکن کو ممکن کر دکھایا، ارشد ندیم اولمپکس میں ریکارڈ توڑ کر پاکستان کے لیے گولڈ میڈل لے کر آرہا ہے۔یہ ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان کو موقع دیا جاتا ہے تو وہ فتحیاب ہوکر آتے ہیں، ہمیں یہ طے کرنا چاہیے کہ اگلے اولمپکس میں پاکستان کا ہر ایتھلیٹ گولڈ میڈل جیت کر آئے.

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی کارکن بنگلا دیش کے حالات غور سے دیکھ رہے ہیں،پاکستان کے جو حالات ہیں وہ ایسے ہیں کہ کچھ آپ کے ہاتھ میں ہیں کچھ آپ کے ہاتھ میں نہیں، اس وقت جو بحران ہے ادارے کے درمیان ایک فاصلہ نظر آرہا ہے اور یہ اس لیے بن رہا ہے کہ ایک ادارہ بار بار مداخلت کرتا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حالیہ بحران بھی عدلیہ کی وجہ سے ہی ہے۔عدلیہ نے ایک سیاسی جماعت (پی ٹی آئی) کو وہ دیا جو انہوں نے مانگا ہی نہیں اور آئین و قانون میں اس کی اجازت بھی نہیں لیکن ہماری عدلیہ نے ارشد ندیم کی طرح ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی ، بے نظیر کے قتل اور عام شہریوں کے کیسز پر فیصلے نہیں آتے۔ ہمیں انصاف کے لیے تین نسلوں تک جدوجہد کرنا پڑی۔ آخر عدلیہ نے ذوالفقار علی بھٹو کو اس حد تک انصاف دیا کہ ہاں ان کو صحیح انصاف نہیں دیا گیا تاہم عدلیہ نے تاریخ درست کرنے سے واضح اقدام کرنے سے معذوری کی۔ پوری دنیا کی کوئی جوڈیشری ہماری عدلیہ کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔

بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر کہا کہ ان کو نشستیں ایسے ملیں جیسے ٹافی ملی ہو۔ اس فیصلے سے ایک پوری جماعت موبلائز ہو گئی۔

پاکستان