اہم ترین

اسرائیل کی فلسطینی پناہ گزینوں کی خیمہ بستی پر بمباری: کم از کم 40 افراد شہید

اسرائیل نے غزہ میں فلسطینیوں کے پناہ گزین کیمپ پر بمباری کرکے 40 سے زائد افراد کو شہید کردیا ہے جب کہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران غزہ میں شہدا کی تعداد 41 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیل نے غزہ کے دوسرے بڑے شہر شہر خان یونس میں المواسی کیمپ نامی پناہ گزین بستی پر فضائی بمباری کی ۔

المواسی میں بمباری سے ملبے کا ڈھیر بننے والی عمارات سے زندہ بچ جانے والوں کو نکالنے والے امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ خیمہ بستی ہر حمہ اس قدر شدید ہے کہ کئی مقامات پر 9 میٹر تک گہرے گڑھے پڑ گئے ہیں۔

غزہ کی سول ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ خیمہ بستی پر کم از کم چار میزائل داغے گئے۔ جس سے 20 خیموں میں آگ لگ گئی۔ حملے میں کم از کم 40 افراد جاں بحق جبکہ 65 زخمی اور 15 لاپتہ ہیں۔

اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے انہوں نے حماس کے ان اہم دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، جو خان یونس میں ہیومینٹیرین ایریا میں واقع ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں موجود تھے ۔

دوسری جانب حماس نے اسرائیلی فوج کے دعوے کو سراسر جھوٹ اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

غزہ میں حماس کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 41 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ جن میں ایک تہائی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پاکستان