ایکس کے مالک ایلون مسک نے آسٹریلیا میں غلط معلومات کو روکنے میں ناکامی پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جرمانے کے مجوزہ بل کو مسترد کرتے ہوئے ٓسٹریلیا کو ہی فاشسٹ قرار دے دیا۔
اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا میں سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹی اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کومبیٹنگ مس انفارمیشن بل لایا گیاہے۔
قانون میں غلط معلومات روکنے کے ناکامی پر ان کمپنیوں پر ان کی سالانہ آمدنی کے پانچ فیصد تک جرمانہ کنے کا اختیار شامل ہے۔
دنیا کی مقبول ترین مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) کے مالک نے اس بل کو انتہائی ناپسند کیا ہے۔
ایلون مسک نے ایکس پر اس بل کے لئے صرف ایک لفظ فاشسٹ استعمال کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایلون مسک کی جانب سے ایسے الفاظ کا استعمال ایکس اور آسٹریلوی حکومت کے درمیان پرانے تنازعے کو پھر سے ہوا دے سکتا ہے۔
رواں برس جنوری میں آسٹریلیا کے متعلقہ ادارے نے ایک پادری کی چاقو کے وار سے موت کی ویڈیو وائرل ہونے پر ایکس کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا ۔ ادارے کا الزام تھا کہ ایکس پر تشدد مواد کو روکنے میں مکمل ناکام ہوگیا ہے۔
آسٹریلوی عدالت نے اس الزام کو ابتدائی سماعت میں ہی مسترد کردیا تھا۔ ایکس کی انتظامیہ نے اسے آزادی اظہار کی فتح قرار دیا تھا۔
ٹویٹر کی سابق ملازم ای سیفٹی کمشنر جولی انمان گرانٹ کے مطابق ایلون مسک کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایکس میں زہریلے اور اشتعال انگیز مواد میں اضافہ ہوا ہے۔
اس کے علاوہ ایلون مسک کو برازیل میں بھی شدید عدالتی جنگ کا سامنا ہے، عدالتی ہدایات کو نظر انداز کرنے کے بعد ایکس کی سروس ہی معطل کر دی گئی ہے۔