اہم ترین

سلمان خان کے سیکیورٹی حصار میں گھسنے والا موٹر سائیکل سوار گرفتار

سلمان خان کو آج کل اپنی جان کی بہت پرواہ ہے ، اس کی وجہ انہیں ملنے والی دھمکیاں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی سیکیورٹی بھی انتہائی سخت ہے۔ اس کی مثال ایسے دی جاسکتی ہے کہ ان کے سیکیورٹی اسکواڈ میں انجانا موٹر سائیکل سوار شامل ہوا تو ہر جانب کھلبلی مچ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کے والد سلیم خان کو جان سے مارنے کی دھمکی کے بعد اب اداکار کے ساتھ ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔ ممبئی پولیس اور ان کی محافظ ٹیم کی سخت سیکیورٹی کے باوجود ایک شخص اپنی موٹر سائیکل پر تیز رفتاری سے سلمان خان کے قافلے میں داخل ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو اس وقت پیش آیا جب سلمان کا قافلہ محبوب اسٹوڈیو سے گزر رہا تھا۔ممبئی پولیس نے موٹر سائیکل پر تیز رفتاری سے سلمان خان کے قافلے میں گھسنے والے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ اس شخص کی شناخت اجیر فیض محی الدین کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 21 سال بتائی جاتی ہے۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہ شخص 18 ستمبر کو تیز رفتار موٹر سائیکل لے کر سلمان لیگ میں داخل ہوا تھا۔

سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے ملزم بائیکر کو پکڑ لیا۔ جس کے بعد باندرہ پولیس نے ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 125 (جان یا ذاتی سلامتی کو خطرے میں ڈالنا) اور 281 (خراب ڈرائیونگ) کے تحت ایف آئی آر درج کی۔

دوسری جانب ملزم کا کہنا ہے کہ اسے سلمان خان کی گاڑیوں کے گزرنے کا علم نہیں تھا اور یہ واقعہ انجانے میں پیش آیا۔

واضح رہے کہ بدھ 18 ستمبر کی صبح سلمان خان کے والد سلیم خان صبح کی سیر کے لیے نکلے تو اسکوٹر پر سوار ایک شخص اور ایک نقاب پوش خاتون اس کے قریب آئے اور اسے لارنس بشنوئی کہہ کر ڈرانے لگے۔ پولیس نے اس معاملے میں ملزم کے خلاف شکایت بھی درج کی تھی۔

پاکستان