ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے حکم سے لائی گئی پاکستانی جڑواں بچیوں کے جُڑے ہوئے سر کو کامیاب آپریشن سے الگ کر دیا گیا ہے۔
ٹی آر ٹی اردو کے مطابق ریحان علی اور نازیہ پروین نامی پاکستانی جوڑے کے ہاں 2023 میں جڑواں بیٹیاں پیدا ہوئی تھیں۔ میرہا اور منال نامی ان دونوں بچیوں کے سر جڑے ہوئے تھے۔
ریحان علی اور نازیہ پروین نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے مدد کی اپیل کی تھی ۔ جس پر انہیں اور بچیوں کو ترکیہ لایا گیا۔
انقرہ کے بِلکینٹ سٹی اسپتال میں ڈاکٹروں، ماہرین اور دیگر طبی عملے پر مشتمل 60 رکنی ٹیم نے دو مراحل پر مشتمل آپریشن کے ذریعے جڑواں بچیوں کو ایک دوسرے سے الگ کیا۔ جس میں 14 گھنٹے کا وقت صرف ہوا ۔
ڈاکٹروں کے مطابق دونوں بچیوں کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے۔
ترکیہ کی خاتونِ اوّل امینہ ایردوان نے بچیوں کے کامیاب آپریشن پر 60 رکنی آپریشن ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ صحت، زندگی کا سب سے قیمتی تحفہ ہے۔ ترکیہ میں کئے گئے اس تاریخی آپریشن کا شمار دنیا کے گنے چُنے واقعات میں ہوتا ہے۔ میری دعا اور تمنّا ہے کہ یہ معصوم بچّیاں صحت مند اور خوشیوں بھری زندگی گزاریں۔
دوسری جانب بچیوں کے والد ریحان علی اور والدہ نازیہ پروین نے بھی اسپتال انتظامیہ، طبی ماہرین اور ترکیہ کے صدر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔