اہم ترین

موبائل فون چپ بنانے والی سب سے مشہور کمپنی کوالکوم میں سیکڑوں برطرفیاں

دنیا کی صف اول کی ٹیک کمپنیوں میں چھانٹیوں کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے۔ مائیکروسافٹ سے لے کر گوگل تک کئی نامور کمپنیوں نے 2024 کے دوران اپنے ہزاروں ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔ جس کے بعد اب اسمارٹ فون چپ بنانے والی کمپنی کوالکوم نے بھی سیکڑوں لوگوں کو نکالنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

ٹیک کرنچ کے مطابق اسمارٹ فون چپس بنانے والی صف اول کی کمپنیوں میں سے ایک کوالکوم چھانٹی کرنے جا رہی ہے۔ چھانٹی کا بوجھ کمپنی کے 226 ملازمین پر پڑنے والا ہے۔ کمپنی نے یہ معلومات کیلیفورنیا وارن (ورکر ایڈجسٹمنٹ اینڈ ری ٹریننگ نوٹیفکیشن) ایکٹ کے تحت دی ہے۔ جس کے مطابق چھانٹی 12 نومبر سے شروع ہونے والے ہفتے میں لاگو ہونے جا رہی ہے۔

کوالکوم یہ کام سین ڈیاگو میں واقع اپنی 16 سہولیات سے کرنے جا رہا ہے۔ چھانٹی کا اثر کمپنی کے ہیڈ کوارٹر میں کام کرنے والے ملازمین پر بھی پڑے گا۔ سائبر سیکیورٹی ٹیم کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں بھی کام کرتی ہے، لیکن کمپنی نے ابھی تک اس بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

کمپنی کے ترجمان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ چھانٹی کاروباری حکمت عملی میں تبدیلی کی وجہ سے کی جا رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم اپنی سرمایہ کاری، وسائل اور ہنر کو اس طرح ترتیب دینے کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ ہم تنوع کے غیر متوقع مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔

اگست کے مہینے میں آئی بی ایم، انٹیل ، سسکو جیسی بڑی کمپنیوں نے برطرفی کی تھی۔ انٹیل نے 15 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سسکو نے 6 ہزار جب کہ آئی بی ایم نے ایک ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔

پاکستان