اہم ترین

حزب اللہ کا اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی موساد کے ہیڈ کوارٹر پر راکٹ حملہ

حزب اللہ نے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں انٹیلیجنس ایجنسی موساد کے ہیڈ کوارٹر پر راکٹ حملہ کیا ہے۔ جس کی تصدیق اسرائیلی حکومت نے بھی کردی ہے۔

اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ نے بدھ کی صبح تل ابیب پر بیلسٹک میزائل داغا۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ حزب اللہ کا کوئی میزائل تل ابیب تک پہنچا ہو۔

اپنے ایک تازہ ترین بیان میں حزب اللہ نے تصدیق کی ہے کہ انھوں نے بدھ کی ساڑھے چھ بجے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کی جانب ایک بیلسٹک میزائل داغا ہے۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ ایسا غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی ’بہادرانہ اور باوقار مزاحمت‘ کی حمایت میں اور ’لبنان اور اس کے عوام کے دفاع میں‘ کیا گیا ہے۔

حزب اللہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس میزائل کے ذریعے حزب اللہ کے رہنماؤں کو قتل کرنے اور پیجرز اور وائرلیس آلات کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے اڑانے کی ذمہ دار اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی ’موساد‘ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اسرائیل نے بھی حزب اللہ کے موساد ہیڈکوارٹر پر حملے کی تصدیق کردی ہے۔

صیہونی فوج نے ایک ویڈیو بھی ریلیز کی ہے جس اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان میں ہونے والے ایک حملے کو دکھایا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ حزب اللہ نے جہاں سے بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا اُس میزائل لانچنگ پیڈ کو تباہ کر دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ حزب اللہ کے اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ جن میں ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کے مقامات اور میزائل لانچر شامل ہیں۔

پاکستان