میٹا پلیٹ فارمز کے شریک بانی اور سی ای او مارک زکربرگ بھی 200 بلین ڈالر کی دولت کے ساتھ امیر ترین ارب پتیوں کے کلب میں شامل ہو گئے ہیں۔ ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک اور ایمیزون کے بانی جیف بیزوس پہلے ہی اس کلب میں شامل ہیں۔
بلومبرگ کے بلینیئرز انڈیکس کے 25 ستمبر 2024 کو جاری کردہ ارب پتیوں کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ایلون مسک 268 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔
جیف بیزوس 216 بلین ڈالر کی دولت کے ساتھ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔ تیسرے نمبر پر مارک زکربرگ ہیں جن کے 200 ارب ڈالر کے اثاثے ہیں اور وہ پہلی بار 200 ارب ڈالر کے اثاثوں کے کلب میں شامل ہوئے ہیں۔
مارک زکربرگ کی دولت میں اس سال 71 ارب ڈالر کا سب سے بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جیف بیزوس کی دولت میں 39.3 بلین ڈالر اور ایلون مسک کی دولت میں 38.9 بلین ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
لوئس ویٹون کے چیئرمین برنارڈ آرنا لٹ 200 بلین ویلتھ کلب میں شامل ہونے سے صرف چند قدم دور ہیں۔ برنارڈ آرنالٹ کے اثاثے 183 بلین ڈالر ہیں۔
ڈیٹا بیس کمپنی اوریکل کے لیری ایلیسن بھی کی 200 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت سے تھوڑی ہی دوری پر ہیں اور ان کے اثاثے 189 بلین ڈالر ہیں۔ برنارڈ آرنالٹ کی دولت میں اس سال 24.2 بلین ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ لیری ایلیسن کی دولت میں 55.6 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق بھارت کے امیر ترین صنعت کار اور ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کے پاس 113 بلین ڈالر کے اثاثے ہیں۔ جبکہ اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی کے پاس 105 بلین ڈالر کے اثاثے ہیں۔ مکیش امبانی کی دولت میں 16.7 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور گوتم اڈانی کی دولت میں اس سال 20.9 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔