پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ججز کی تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی لانا ضروری ہے۔ اس دفعہ نہ تو کالے کوٹ اورنہ ہی کسی اور کی دھمکی میں آئیں گے۔
کوئٹہ میں پیپلز لائرز فورم اور سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اسلام آباد میں لڑائیاں چلتی رہتی ہیں، اسلام آباد میں بڑے بڑے ہاتھی لڑتے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی لڑائیوں کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان سےسوتیلوں جیسا سلوک ہو رہا ہے، جیسے بلوچستان چل رہا ہے یہ ان کے ساتھ ناانصافی ہے، ملک کے وسائل کم ہیں، بلوچستان کے اس سےبھی کم ہیں۔بلوچستان کےعوام کی ہرممکن مدد کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عدالتی اصلاحات بہت بڑا کام ہے،اس کے ساتھ ساتھ ججز کی تقرری کے طریقہ کار کو بھی دیکھنا ہوگا ورنہ بینچ یا کورٹ بنائیں تو پھر ہمارا نظام ایسے ہی چلے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نبے کہا کہ پیپلزپارٹی کا نظریہ واضح ہے، ہم ایسی متفقہ دستاویز بنانے کی کوشش کریں گے جو محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی خواہش کے مطابق ہو، ہم ایسی آئینی عدالت بنانا چاہتے ہیں جس میں تمام صوبوں کی برابر نمائندگی ہو۔ججز کی تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی لانا ضروری ہے اور اس دفعہ کالے کوٹ نہ کسی اور کی دھمکی میں آئیں گے۔