اہم ترین

ایپک گیمز نے سام سنگ کے آٹو بلاکر فیچر کیخلاف عدالتی جنگ چھیڑ دی

دنیا بھر میں مقبول عام آن لائن ویڈیو گیم فورٹ نائٹ کی مالک کمپنی ایپک گیمز نے سام سنگ اور گوگل کے خلاف عدالتی جنگ چھیڑ دی۔

اے ایف پی کے مطابق ایپک گیمز گزشتہ برس گوگل کے خلاف بھی ایک مقدمہ جیت چکا ہے۔ حالیہ مقدمہ سام سنگ کے آٹو بلاکر فیچر سے متعلق ہے۔ اسی نوعیت کا ایک مقدمہ کمپنی نے گوگل سے برسوں جاری رہنے والی قانونی جنگ کے بعد جیتا تھا۔

ایپک گیمز کا دعویٰ ہے کہ اس فیچر کو گوگل کے ساتھ مل کر امریکی عدالت کے حالیہ فیصلے کو کمزور کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔

عدالتی جنگ جیتنے کے بعد ایپک گیمز نے اگست میں اپنا ایپ اسٹور لانچ گیا تھا، جو صارفین کو گوگل کے ذریعے چلنے والے اسٹور کو نظرانداز کرنے اور اسمارٹ فون صارفین کو براہ راست مواد پیش کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

گوگل کے ایک ترجمان نے کہا کہ ایپک گیمز کی جانب سے دائر کیا گیا مقدمہ بے بنیاد ہے، سام سنگ جیسے اینڈرائیڈ ڈیوائس بنانے والے ادارے اپنے صارفین کے تحفظ کویقینی بنانے کے لئے خود اقدامات کرنے کے لیے آزاد ہیں۔

ایپک گیمز کا استدلال ہے کہ آٹو بلاکر گوگل پلے اسٹور کی اجارہ داری کو مستحکم کرتا ہے اور گوگل کے خلاف جیوری کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

ایپک گیمز سی ای او ٹم سوینی نے کہا کہ ان کی کمپنی نے کیلی فورنیا کی ایک وفاقی عدالت میں دعویٰ دائر کیا، ضرورت پڑی تو وہ ایپل اور گوگل کو ان کے اسمارٹ فونز پر دوسرے ایپ اسٹورز کھولنے پر مجبور کرنے کے لیے جاری طویل جنگ کو یورپ اور ایشیا تک بھی لے جائیں گے۔

ٹم سوینی کے مطابق یہ صارفین کے حق کے لیے عالمی لڑائی ہے، تاکہ لوگ مسابقت کے تمام فوائد حاصل کریں اور آزادانہ طور پر انتخاب کریں کہ وہ کس کے ساتھ کاروبار کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان