عرب دنیا کے سب سے موقر نیوز چینل الجزیرہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف برسرپیکار لبنانی تنظیم حزب اللہ کا اس کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین ہاشم صفی الدین سے رابطہ کت گیا ہے۔
الجزیرہ نے حزب اللہ کے اہم عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ تنظیم کا 4 اکتوبر سے ہاشم صفی الدین سے سے رابطہ نہیں ہوپارہا۔
ہاشم صفی الدین بیروت کے قریب مریجہ میں حزب اللہ کے ایک زیر زمین ٹھکانے میں موجود تھے جب اسرائیل نے اسے نشانہ بنایا۔
حزب اللہ کے ارکان ان کے ٹھکانے تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم اسرائیل کے مسلسل فضائی حملوں کی وجہ سے ان کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہورہیں۔
ہاشم صفی الدین کو کئی برسوں سے حزب اللہ کے اگلے سربراہ کی حیثیت سے تیار کیا جارہا تھا۔ گزشتہ ہفتے حسن نصر اللہ کی شہہادت کے بعد انہیں ہی تنظیم کے سربراہ کی حیثیت سے دیکھا جارہا تھا۔
دوسری جانب اسرائیل کے مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج ایران، لبنان اور غزہ پر بڑے پیمانے پر حملوں کی تیاری کر رہی ہے۔