رواں برس جنوری میں ریٹائر ہوجانے والے آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر کا کہنا ہے کہ وہ قومی ٹیم میں واپسی کے لئے تیار ہیں۔
فرانس 24 کے مطابق 37 سالہ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درماین 22 نومبر سے پرتھ میں شروع ہونے والی پانچ میچوں کی بارڈر گواسکر ٹرافی میں واپسی کی پیشکش کے بارے میں انتہائی سنجیدہ ہیں۔
وارنر کی جانب سے یہ پیشکش اس وقت سامنے آئی ہے جب اسٹیو اسمتھ نے بیٹنگ آرڈر میں چوتھے نمبر پر واپس جانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ، جس کے بعد اب سلیکٹرز کو عثمان خواجہ کے اوپننگ پارٹنر کی تلاش ہے۔ کیمرون بینکرافٹ، مارکس ہیرس اور میتھیو رینشا کو بھارت کے خلاف عثمان خواجہ کے ساتھ اوپننگ بیٹرز کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
آسٹریلوی خبرایجنسی نیوز کارپوریشن کو دیے گئے انٹرویو میں ڈیوڈ وارنر نے آسٹریلیا کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کو کہا تھا کہ وہ واپس آ سکتے ہیں۔ وہ ان امیدواروں کے مقابلے میں زیادہ مضبوط آپشن ہوں گے جنہوں نے ابھی گھریلو شیفیلڈ شیلڈ مقابلے کے نئے سیزن کا آغاز کیا ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے مزید کہا کہ آسٹریلیا نے فروری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد ریڈ بال کرکٹ نہیں کھیلی، موجودہ کھلاڑیوں میں صرف وہی ہیں جس نے ایک مصروف سیزن گزارا ہے۔ اگر ٹیم کو ان کی ضرورت ہے تو وہ واپس ۤنے کے لئے تیار ہیں۔
آسڑیلوی بیٹر کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں لگتا کہ اینڈریو میکڈونلڈ انہیں واپس بلائیں گے کیونکہ ان کا جواب تھا کہ وہ ریٹائر ہوچکے ہیں۔