پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے غلط اور گمراہ کن معلومات کے تیزی سے پھیلاؤ کو بڑا چیلنج قرار دیا ہے۔
انڈیپینڈینٹ اردو کے مطابق اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام مارگلہ ڈائیلاگ 2024 کی خصوصی تقریب میں ’امن اور استحکام میں پاکستان کا کردار‘ پر گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پاک فوج نے کہا کہ ہمارے مشترکہ مقاصد میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور عالمی صحت کی فراہمی جیسے اہم چیلنجز شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر معیشت، افواج اور ٹیکنالوجی میں بےانتہا تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ ٹیکنالوجی نے جہاں معلومات کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کیا، وہیں گمراہ کن اور غلط معلومات کا پھیلاؤ بھی ایک اہم چیلنج بن چکا ہے۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ واعد و ضوابط کے بغیر آزادی اظہارِ رائے تمام معاشروں میں اخلاقی قدروں کی تنزلی کا باعث بن رہی ہے۔ جامع قوانین اور قواعد و ضوابط کے بغیر غلط اور گمراہ کن معلومات اور نفرت انگیز بیانات سیاسی اور سماجی ڈھانچے کو غیرمستحکم کرتے رہیں گے۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ دہشت گرد ی عالمی سطح پر پوری انسانیت کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے، جس کے خلاف جنگ میں ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ اکستان پڑوسی ملک افغانستان میں عبوری حکومت سے توقع کرتا ہے کہ وہ دہشتگردی کے لیے اپنی سرزمین کو استعمال نہ ہونے دے۔