میڈیا رپورٹس کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان عہدے سے مستعفی ہوگئیں۔ انہوں نے نے صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کو اپنا استعفیٰ بھجوادیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ذاتی مصروفیات اور صحت کے مسائل کے باعث عہدے پر کام جاری نہیں رکھ سکتی تاہم بطور ممبر استحکام پاکستان پارٹی خدمات انجام دیتی رہیں گی۔
فردوس عاشق اعوان گزشتہ 24 سال کے دوران 4 سیاسی جماعتوں میں اہم عہدوں پر فائز رہ چکی ہیں۔ وہ 2002 کے عام انتخابات کے نتیجے میں پہلی مرتبہ مسلم لیگ ق کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔
2008 کے عام انتخابات سے پہلے فردوس عاشق اعوان ق لیگ چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئی تھیں۔ انہوں نے 2008 سے 2011 تک اس وقت وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں وفاقی وزیر برائے آبادی بہبود کے طور پر خدمات انجام دیں۔
پیپلز پارٹی کے بعد فرداس عاشق اعوان کا اگلا ٹھکانہ تحریک انصاف بنا ۔ جہاں وہ پنجاب اور وفاق میں کئی عہدوں پر فائز رہیں۔
سانحہ 9 مئی کے بعد انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اور پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیتی رہیں۔