سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ پتا نہیں لوگ جھوٹ کیوں بول رہے ہیں، میں بھاگنے والی عورت نہیں ہوں اور جو خان کے لیے نکلے ان کو تو بالکل میں اکیلا چھوڑ کر نہیں جا سکتی تھی۔
چارسدہ میں تحریک انصاف کے اسلام آباد احتجاج کے دوران ہلاک ہونے والے تاج الدین کے گھر تعزیت کے دوران بشریٰ بی بی نے کہا کہ میں گزشتہ چند دنوں سے بہت تکلیف میں تھی کیونکہ بہت جانی نقصان ہوا۔
بی بی سی کے مطابق بشریٰ بی بی چارسدہ میں تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں ہلاک ہونے والے تاج الدین کے گھر گئیں جہاں انھوں نے ورثا سے تعزیت کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خان (عمران خان)کے لیے نکلنے والوں کو وہ کبھی اکیلا نہیں چھوڑ سکتی تھی، کسی کو نہیں پتا تھا کہ میری گاڑی کون سی ہے۔ ڈی چوک پر رات ساڑھے بارہ بجے میں اپنی گاڑی میں اکیلی تھی، وہ (حکومت)ڈی چوک زبردستی خالی کرارہے تھے۔
بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ وہ ڈی چوک سے نہیں گئی کیونکہ عمران خان نے ہٹنے کا نہیں کہا تھا، انہوں نے سب کو کہا تھا انہیں اکیلا نہ چھوڑنا، لیکن انہیں سب نے چھوڑ دیا تھا۔
عمران خان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان کی باتوں کے بہت سے گواہ ہیں، جو لوگ روڈ خالی کرا رہے تھے وہ بھی گواہ ہیں۔ جب میں وہاں سے نہیں جا رہی تھی تو میری گاڑی پر سیدھی فائرنگ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن پارٹی کے بانی کے نام پر شہید ہوئے، پٹھانوں نے ہمیشہ غیرت مندی کا ثبوت دیا ہے، عمران خان نے کہا تھا شہدا کے گھرجانا ہے۔