اہم ترین

عوام ہی اصل طاقت کا سرچشمہ اور ان کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں شہری آزادیوں کے تحفظ، جامع ترقی کو فروغ دینے کے لیے کوششیں تیز کریں۔ تمام شہریوں، خاص طور پر کمزور اور پسماندہ طبقات، کے لیے مساوی مواقع کو یقینی بنانے کی کوششوں کو تیز کی جائیں۔

انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انسانی حقوق کی پاسداری ایک منصفانہ، جامع اور پرامن معاشرے کی بنیاد جب کہ پائیدار اور خوشحال مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انسانی حقوق صرف قابلِ حصول مقاصد نہیں بلکہ وقار، مساوات اور انصاف کے لیے بنیادی ستون ہیں۔ کسی بھی معاشرے کا مستقبل ان حقوق کو بلا تفریق تمام افراد کے لیے یقینی بنانے پر منحصر ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ “ایک شہری، ایک ووٹ” عوام کو طاقت کا اصل سرچشمہ بنانے کی بنیاد ہے۔ ہم 1973 کے آئین میں ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے شامل کیے گئے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ آج ہم اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم کی میراث کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے آزادی اظہار کے تحفظ کے لیے آمرانہ دور کے قوانین کا خاتمہ کیا اور اقلیتوں اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی۔ صدر آصف علی زرداری کے دورِ صدارت میں انسانی حقوق کے تحفظ و فروغ کے لیے تاریخی اقدامات کی گئیں۔ ان کے دور میں 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے جمہوری اصولوں کو بحال کیا اور انسانی حقوق کو محفوظ بنایا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے مذکورہ اقدام پاکستانی معاشرے کی اصل روح کو عالمی سطح پر فروغ دینے کا باعث بنے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے اقدامات نے پسماندہ طبقوں، خاص طور پر غریب خواتین، کے لیے ایک سماجی تحفظ فراہم کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جامعیت اور سماجی انصاف کے لیے پیپلز پارٹی کے عزم کا ثبوت ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں شہری آزادیوں کے تحفظ، جامع ترقی کو فروغ دینے کے لیے کوششیں تیز کریں۔تمام شہریوں، خاص طور پر کمزور اور پسماندہ طبقات، کے لیے مساوی مواقع کو یقینی بنانے کی کوششوں کو تیز کی جائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانی نوجوان اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے فعال کردار ادا کریں کیونکہ ایک روشن مستقبل کی تشکیل میں نوجوانوں کی شرکت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے یہ یقین ہے کہ عوام ہی اصل طاقت کا سرچشمہ ہیں اور ان کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ انسانی حقوق کی پالیسی کی منظوری حکومتِ سندھ کا قابل تحسین اقدام ہے۔ متعلقہ حکام انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے حکومتِ سندھ کی مذکورہ پالیسی کے مرحلہ وار نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔ پیپلز پارٹی ہر شہری کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ ہم ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں جو آزادی، مساوات اور انصاف کے اصولوں کی عکاسی کرتا ہو۔ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے یہ یقین ہے کہ عوام ہی اصل طاقت کا سرچشمہ ہیں اور ان کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی دنیا بھر میں جاری خلاف ورزیوں بالخصوص مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں صورت حال پر باعثِ تشویش ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں جاری ناانصافیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کرےعالمی برادری کوانسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے اصولوں پر دوبارہ اپنے عزم کا اظہار کرنا چاہیے۔

پاکستان