پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ کے ساتھ وفاق ہمیشہ سے سوتیلا سلوک کرتا آیا ہے۔
کراچی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو ایکسپریس وے (ملیر ایکسپریس وے) کے پہلے فیز کے افتتاح کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ زوالفقار علی بھٹو نے اپنے دور حکومت میں شارع فیصل سے اسٹیل ملز تک انفرااسٹرکچر اور صنعتی ترقی کے ذریعے عوام کو روزگار دلوانے میں انقلابی کام کروایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کو جب بھی حکومت کا موقع ملا انہوں نے کراچی پر خاص توجہ دی، ہمیشہ امن و امان قائم کرنے اور شہر کی عوام کو روزگار دلوانے کی کوشش کی۔ سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال سے پوچھ لیں کراچی کے لیے سب سے زیادہ فنڈز آصف علی زرداری نے دیئے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایکسپریس وے نہ صرف اس شہر بلکہ پورے صوبے کو ملک سے جوڑے گا۔ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت بہت سے منصوبوں کو مکمل کیا ہے، ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ عوام کو مفت یا کم سے کم قیمت پر سہولت فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے ساتھ وفاق ہمیشہ سے سوتیلا سلوک کرتی آئی ہے، وسائل کی تقسیم غیر منصفانہ ہے، اگر حق ٹھیک طریقے سے نہیں ملتا تو سہولیات فراہم کرنا بہت مشکل ہے۔شہر میں پانی کا دیرینہ مسئلہ ہے،اپنی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ کراچی میں اس مسئلے پر زیادہ سے زیادہ ترجیح دی جائے۔