نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شہباز شریف بطور وزیر اعظم اپنی 5 سال کی آئینی مدت پوری کریں گے۔
روزنامہ جنگ کو دیئے گئے انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت ملک میں معاشی استحکام کے لیے کام کررہی ہے۔ آنے والے دنوں میں اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ معیشت بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ روپے کی قدر بھی مستحکم ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں ، انہوں نے تحریکِ انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات کرانے میں بھی کردار ادا کیا ہے۔
پیپلز پارتی سے اختلافات سے متعلق نائب وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہیں۔ دونوں جماعتوں کو اختلافات کو مسئلہ بنائے بغیر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
فوج کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت اور فوج کے درمیان شاندار ورکنگ ریلیشن قائم ہے، جو جمہوری استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔ اس تعلق کو مضبوط رکھنے کے لیے دونوں فریق اپنی ذمے داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں۔