پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نہ بننے پر عمران خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کا کہہ دیا ہے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کا اعلان نہ کرنے پر مذاکرات کال آف کرنے کا کہا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی ائی کی مذاکرات کی خواہش تھی۔ حکومت کی طرف سے تعاون نہ کرنے پر مذاکرات روک دیے۔ عمران خان کی ہدایت پر تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے۔
دوسری جانب حکومتی کمیٹی کے رکن سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ’ہم نے کب کہا کہ جوڈیشل کمیشن نہیں بنائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیموں کی پہلی میٹنگ میں یہ طے پایا تھا کہ دوسری میٹنگ میں اپنے تحریری مطالبات لائیں گے لیکن انھیں اس میں چھ ہفتے لگے اور ہم سے پانچ دن میں مطالبات کے جواب کا تقاضا کیا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے بہت افسوسناک اقدام اٹھایا گیا ہے۔