وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز وزارت خارجہ اور بیرون ممالک میں موجود سو سے زائد سفارتی مشنز کے درمیان ٹارگٹڈ مواصلات کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل پورٹل “شیئر پاکستان پورٹل” کا افتتاح کیا۔
پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آن لائن معیاری معلومات پر مشتمل یہ نظام پاکستانی خارجہ پالیسی کے اہداف اور عوامی سفارت کاری پر دور رس اثرات مرتب کرے گا۔
نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کے اشتراک سے ہونے والی اس تقریب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ “انہوں نے ‘وزیر خارجہ کی تبدیلی کے انتظامی اقدام’ کا آغاز وزارت کی انتظامی اصلاحات کے ذریعے اپنے مینڈیٹ کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے عزم کے طور پر کیا تھا۔”
ان کا کہنا تھا کہ اپنے اس عزم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وزارت خارجہ اور بیرون ملک مشنز کے بہترین افسران پر مشتمل ماہرین کی ٹیم نے متنوع شعبوں بشمول انسانی وسائل، فنانس، لاجسٹکس، کمیونیکیشن، کونسلر، پروٹوکول اور کمیونٹی سروسز میں ڈیجیٹلائزیشن اور قواعد، پالیسیوں کو آسان بنانے کے لیے متعدد اصلاحات اور طریقہ کار پر غور و خوض کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ان کے “چینج مینجمنٹ اقدام ” کا مقصد کام کرنے کے لیے ایک ایسا کلچر تیار کرنا ہے جس میں زیادہ توجہ بہتر نتائج و پیداواری صلاحیت ویلیو انوویشن کے ساتھ فیصلہ سازی کو تکمیل کے قریب لانے پر توجہ دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ “چینج مینجمنٹ اقدام” پر جامع رپورٹ سفارتی خدمات کو مزید بہتر بناتے ہوئے سفارتی خدمات کو تبدیل کرے گی جو دور جدید کی نئی ماہیت اور چیلنجز سے نبزد آزما ہونے سے لیس ہوگی۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ “چینج مینجمنٹ اقدام” وزارت اور بیرون ملک قائم سفارتی مشنز کے درمیان بلا تعطل رابطوں کو یقینی بنائے گا۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ”شیئر پاکستان پورٹل” کو وزارت خارجہ اور بیرون ملک سفارتی مشنز کے درمیان عوامی سفارت کاری میں معلومات کے اشتراک کو سہل بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔اور اس پورٹل سے عوامی سفارت کاری کے مختلف اقدامات میں کارکردگی اور شفافیت آئے گی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپر لیس ڈیجیٹل ٹول پہلا پورٹل لانچ ہے جس میں عوامی سفارت کاری کی تزویراتی فوقیت کی کوششوں اور انسٹی ٹیوشنز کے درمیان ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے انضمام کا احاطہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “اس پورٹل کے استعمال سے سفارت کاری میں فیصلہ سازی میں مدد، تزویراتی مواصلات، خارجہ پالیسی اور جدید رجحانات کا تجزیہ کیا جائے گا۔”
بلاول بھٹو نے امید ظاہر کرتے ہوئےکہا کہ یہ ڈیجیٹل ٹول وزارت اور اس کے مشنز کے درمیان مفید اور موثر روابط اور مستقبل کے منصوبوں کے لیے ایک ماڈل کے طور پر کام کرے گا۔ اور یہ وزارت خارجہ کی دیگر سرکاری محکموں کے ساتھ رابطے میں کمیونیکیشن سسٹم اور آئی ٹی پر مبنی حل کو آسان بنانے اور محکموں کے درمیان ہم آہنگی فراہم کرنے کی جانب پہلا قدم ہوگا۔
بلاول بھٹو نے اس پورٹل کو ڈیولپ کرنے میں وزارت خارجہ کے ساتھ ساتھ اشتراک پر نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) اور وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شکریہ ادا کیا۔
افتتاحی تقریب میں ہائی کمشنرز اور سفیروں نے بہ ذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔