بھارتی ریاستی ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے چھندواڑہ میں شراب اور گانجے کے رسیا چوہے دہشت کی علامت بن گئے۔۔ کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود سرکاری عمارات اور اسپتالوں میں ان چوہوں کا خاتمہ نہیں ہوسکا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کے علاقے چھندواڑہ کے کوتوالی تھانے کے مال خانے میں ضبط کی گئی شراب کی کئی بوتلیں چوہوں نے خالی کر دیں۔ ان بوتلوں کی تعداد 60 کے لگ بھگ ہے۔
تھانے کے ٹی آئی امیش گولہانی کے مطابق پولیس نے یہ تمام شراب غیر قانونی فروخت کرنے والوں سے ضبط کی تھی۔ جس ملزم سے یہ پکڑی گئی اس کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ اب ضبط شدہ شراب کی بوتلوں کو عدالت میں پیش کرنا پولیس کے لیے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں نے گودام میں دیکھا کہ شراب کی بوتلوں کو چوہوں نے توڑ اور ڈبوں کو کاٹ دیا۔ اس میں رکھی شراب کی تقریباً 60 چھوٹی پلاسٹک کی بوتلیں بھی کاٹ لی گئیں۔ پولیس نے گودام کی صفائی کی اور شواہد بھی لے لیے۔
پولیس کے مطابق تھانے کی عمارت بہت پرانی ہے جس کی وجہ سے چوہوں نے یہاں کئی راستے بنا رکھے ہیں۔ وہ اسٹور روم میں رکھا گانجہ بھی چباتے ہیں۔ کئی بار انہوں نے اہم دستاویزات کو بھی کُتر لیا ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ پولیس آفس کے علاوہ ڈسٹرکٹ اسپتال، کلکٹریٹ، محکمہ تعلیم سمیت دیگر دفاتر میں چوہوں کی دہشت ہے۔ ضلعی اسپتال میں چوہے مریضوں اور لاشوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اسپتال نے چوہوں کو پکڑنے کے لیے پیسٹ کنٹرول پر بھی لاکھوں روپے خرچ کیے ہیں۔ اس کے بعد بھی اسپتال چوہوں سے پاک نہیں ہوسکا۔