پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری تین روزہ دورے پر آزاد جموں و کشمیر پہنچ گئے۔
مظفرآباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین قانون ساز اسمبلی نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا شاندار استقبال کیا۔
آزاد کشمیر میں ذرائع ابلاغ کےنمائندوں سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب ہندوستان جی ٹوئنٹی کا اجلاس مقبوضہ کشمیر میں کروارہا ہے، مجھے آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب کی دعوت دی گئی ہے،پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر نے مجھے ضلع باغ میں احتجاجی جلسے کی بھی دعوت دی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو یہ سمجھتے ہیں کہ ایک کانفرنس کا انعقاد کرکے وہ مقبوضہ کشمیر کی آواز کو دباسکتے ہیں، ہم ان کو غلط ثابت کریں گے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندوستان کی جانب سے یہ ممکن نہیں کہ وہ دنیا میں کوئی اہم کردار ادا کرسکے۔