اہم ترین

آئی پیڈ منی اور ایئر کی اپ گریڈیشن شروع؛ اسکرین بھی او ایل ای ڈی ہوگی

کمپیوٹرز ، ٹیبلیٹس اور موبائل بنانے والی امریکی کمپنی ایپل کے آئی پیڈ جلد ہی 8.7 انچ بڑی او ایل ای ڈی (OLED) اسکرین کے ساتھ مارکیٹ میں آنے والے ہیں۔

جنوبی کوریا کی نیوز ویب سائیٹ کے مطابق ایپل نے اپنے آئی پیڈ منی (iPad Mini )اور آئی پیڈ ایئر (iPad Air) کے ماڈلز کو اپ گریڈ کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔ جس کے تحت آئندہ 3 سال میں آئی پیڈ منی (iPad Mini )اور آئی پیڈ ایئر (iPad Air) کے ویریئنٹس او ایل ای ڈی (OLED ) سے مزین ہوں گے۔

گزشتہ برس (2022) میں آئی پیڈ ایئر کا نیا ماڈل لانچ کیا گیا تھا۔ جن کی اسکرینز بالترتیب 8.3 انچ اور 10.9 انچ ریٹینا آئی پی ایس ایل سی ڈی (IPS LCD) اسکرینیں ہیں۔

کورین ویب سائیٹ کے مطابق نئے آئی پیڈ میں سنگل اسٹیک ایل ٹی پی ایس او ایل ای ڈی (LTPS OLED) اسکرین ہوگی۔

اس کے ساتھ ہی کمپنی آئی پیڈ مینی کو بھی بڑے ڈسپلے کے ساتھ اپ گریڈ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس میں 8.7 انچ اسکرین ہوسکتی ہے جو کہ موجودہ آئی پیڈ منی سے 0.4 انچ بڑی ہوگی۔

واضح رہے کہ ایپل کو عالمی سطح پر اپنی مصنوعات کی فروخت میں بتدریج کمی کا سامنا ہے۔ بین الاقوامی ماہرین پہلے ہی ایپل کو اپنے کاروباری حریفوں سے سخت مسابقت کی باتیں کررہے ہیں۔ خاص طور پر چین میں اسے ہواوے سے سخت مسابقت کا سامنا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ رواں سال کی تیسری سہہ ماہی میں ایپل کی مصنوعات کی فروخت میں کمی دیکھی گئی لیکن کمپنی کے سی ای او ٹم کک کا کہنا ہے کہ چینی کرنسی کے ڈالر سے شرح مبادلہ کو مدنظر رکھا جائے تو ایپل کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔

رواں سال کی آخری سہ ماہی کے لیے ایپل کی فروخت گزشتہ سال کی طرح ہونے کا امکان ہے۔ یہ سہ ماہی کمپنی کے لیے مالی لحاظ سے اہم ہے کیونکہ یہ کرسمس کی تعطیلات کے دوران آتی ہے جب ایپل کے نئے آئی فونز کی سب سے زیادہ فروخت ہوتی ہے۔

اب تک آئی فون کی فروخت بڑھی ہے اور خدمات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں بھی تقریباً ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ جس سے آئی پیڈ اور میک کی فروخت میں بڑی کمی کا اثر کم ہوا ہے۔

پاکستان