اہم ترین

ملتان سلطانز کے مالک نے خودکشی کرلی

عالمگیر خان ترین ایک معروف بزنس مین اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے مالک اور منیجنگ ڈائریکٹر بھی تھے۔

ایک چونکا دینے والے واقعے میں استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین نے مبینہ طور پر خود کو سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی، حکام اور اہل خانہ نے تصدیق کر دی۔

یہ خبر پہلے ٹی وی چینلز پر ذرائع کے حوالے سے نشر کی گئی اور چند ہی منٹوں میں سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق ہو گئی کہ عالمگیر خان  نے خودکشی کر لی ہے۔ علاوہ ازیں جہانگیر ترین کو اپنے بھائی کی خودکشی کی خبر پارٹی اجلاس کے دوران ملی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ 63 سالہ عالمگیر ترین نے مبینہ طور پر لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کی۔ بعد ازاں جہانگیر ترین نے اس خبر کی تصدیق کی۔

دریں اثنا، پولیس حکام نے کہا کہ مزید تفصیلات اس وقت دستیاب ہوں گی جب وہ جائے وقوعہ کا دورہ کریں گے۔

عالمگیر خان ترین کون تھے؟

جہانگیر خان ترین کے بھائی ہونے کے علاوہ، وہ ایک معروف بزنس مین اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے مالک اور منیجنگ ڈائریکٹر بھی تھے۔

انہوں نے جنوبی پنجاب کے ایک معروف بزنس مین کے طور پر اپنی شناخت قائم کی تھی۔ وہ شمیم اینڈ کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی تھے، جو جنوبی پنجاب کے لیے پیپسی کو کے باٹلر اور فرنچائزی ہیں۔

خودکشی

خاندانی ذرائع کے مطابق عالمگیر ترین نے لاہور گلبرگ میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں پستول سے سر میں گولی مار کر خودکشی کی۔

آخری نوٹ

پولیس حکام کے مطابق عالمگیر ترین نے خودکشی سے قبل ایک نوٹ بھی چھوڑا جس میں انہوں نے اپنی بیماری کا ذکر کیا۔ وہ 63 سال کے غیر شادی شدہ آدمی تھے جن کی منگنی ہوئی تھی اور اس سال دسمبر میں شادی کرنے والے تھے۔

پاکستان