اہم ترین

اقتصادی بحران کے عوام پر بڑے اثرات مرتب ہوئے ہیں، شہباز شریف

وزیراعظم  محمد شہباز شریف  نے کہا ہے کہ ملک کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہےاور اس اقتصادی بحران کا بوجھ عوام پر پڑ ا ہے۔  پاک چین اقتصادی راہداری ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے ترکیہ کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ  دونوں ممالک مذہبی اور نہایت قریبی دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں اور ہمارے تعلقات نہایت مستحکم ہیں۔

وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار آج پی این ایس طارق ملجم کلاس کارویٹ جنگی جہاز کو پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ اس تقریب کے اعزازی مہمان ترکیہ کے  نائب صدر جودت یلماز تھے۔

وزیر اعظم نے پی این ایس طارق کی لانچنگ پر تمام متعلقہ افراد کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

ان کا کہنا تھا ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں جس میں کراچی  اور گوادر کی بندر گاہوں کو ملانے کے لیےاقدامات کئے جا رہے ہیں۔سی پیک  کے دوسرے مرحلے میں گرین کوریڈور، بزنس کوریڈور ، اکنامک زون کوریڈور اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کوریڈور زون بنائے جائیں گے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ کو سی پیک منصوبے میں شامل کرنے کے لیے ہم ترک صدر طیب اردغان سے بھی بات کرچکے ہیں ، اور ہم ترکی کے ساتھ گوادر کو ایک اہم تجارتی مرکز بنانے کی تجدید کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے ملجم کلاس کارویٹ کی تیاری میں حصہ لینے والے کارکنوں اور ماہرین کے لیے  20 کروڑ روپے کا اعلان  کرتے ہوئے کہا کہ  گزشتہ سال ہمیں سخت اقتصادی مسائل کا سامنا رہا اور اس کا سارا  بوجھ ملک کی عوام پر پڑا ہے ۔

بین القوامی کساد بازاری  کی وجہ سے اہم اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور  ملجم کلاس کارویٹ منصوبے میں شامل افراد نے تمام تر مالی مشکلات کے باوجود اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ، ان کی کاوشوں کے اعتراف میں اس منصوبے مین شامل کارکنان اور ماہرین کی حوصلہ افزائی کے لیے بیس کروڑ روپے کا تحفہ پیش کر رہا ہوں۔

پاکستان