اہم ترین

دنیا کا تیز ترین گیمنگ فون لانچ

ریڈ میجک 8 ایس پرو کی غیر معمولی تیز رفتار کا راز اس کا اوور کلاکڈ اسنیپ ڈریگن 8 (جنریشن ٹو) چپ سیٹ، ایڈرینو 740 جی پی یو اور 16 جی بی ریم ہے۔

جولائی 2023 میں ریلیز ہونے والے اس فون کا ڈیزائن اس کے ہم عصر فونز کے مقابلے میں اس لیے مختلف ہے کہ اسے پرانے آئی فون 4 کی طرح نوکیلے کونوں والا بنایا گیا ہے۔ اپنی میٹیلک شکل کی وجہ سے پہلی نظر دیکھنے میں یہ ایک زیادہ وزن والا فون لگتا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ایک اعلیٰ معیار کی جھلک بھی نظر آتی ہے۔

مکمل طور پر المونیم سے بنی اس کی باڈی جہاں ایک طرف سختی اور مضبوطی کا احساس دیتی ہے تو دوسری جانب فون گر جانے کی صورت میں ڈینٹ پڑ جانے کا ڈر بھی لگتا ہے، لہٰذا بہتر ہوگا کہ فون کے ساتھ آنے والے بیک کور کا استعمال ضرور کریں!

ڈسپلے سائز

فون کا اسکرین سائز 6 اعشاریہ 8 انچ ہے اور یہ ایک امولیڈ ڈسپلے ہے۔ 1116 x 2480 پکسلز کے ساتھ 20 بائی 9 کا اسکرین ریشو اور 400 پکسلز پر انچ کی ڈینسٹی کے ساتھ کوئی شک نہیں کہ ایک بہت ہی صاف اور باریک بین تصویر کا لطف اٹھایا جا سکتا ہے۔ یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ یہ ایک حقیقی فل ڈسپلے ہے کیوں کہ اس میں کوئی بھی سائیڈ ایج یا اسکرین کے درمیان میں کیمرہ نوج نہیں ہے۔

پراسیسنگ

کوالکوم کا اے آئی پر مبنی موبائل پراسیسر اسنیپ ڈریگن 8 جنریشن 2 سال 2023 کے تیز ترین گیمنگ پراسیسرز میں سے ایک ہے اور بہترین گرافکس سپورٹ کے لیے اسے کولکم کے ایڈرینو جی پی یو کے ساتھ اس فون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ گیمنگ کی پرفارمنس کو مزید بڑھانے کے لیے اسنیپ ڈریگن 8 جنریشن 2 کے اصل ورژن کو اس فون کے لیے خصوصی طور پر اوورکلاک کیا گیا ہے۔

میموری

میموری کی بات کریں تو پانچ مختلف ویرینٹ دستیاب ہیں جن میں 8 جی بی 256 جی بی سے لے کر 16 جی بی اور 512 جی بی تک کے اختیارات میں صارفین اپنی ضرورت کے اعتبار سے انتخاب کر سکتے ہیں۔

کیمرہ

ٹرپل کیمرہ سیٹ کے ساتھ اس فون میں 50 میگا پکسلز مین کیمرہ دیا گیا ہے جس کے ساتھ ایک 8 میگا پکسلز الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسلز کا میکرو کیمرہ شامل ہیں۔ فون کا مین کیمرہ اسنیپ ڈریگن پراسیسر کی وجہ سے 8K ویڈیو بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر آپ سیلفی اور اسنیپ کے شوقین ہیں تو فون کے فرنٹ کیمرہ سے کوئی خاص توقع نہ رکھیں کیوں کہ یہ روشنی کا بہتر انتظام کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

بیٹری اور چارجنگ

ایک زبردست 6 ہزار ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 100 فیصد چارجنگ کی صورت میں کال آف ڈیوٹی جیسے بھاری گیمز کے ساتھ 4 سے 5 گھنٹے کے لگاتار گیمنگ سیشنز اس فون کے لیے باآسانی ممکن ہیں۔ دیگر گیمز کے لیے اس سے کہیں زیادہ بیٹری ٹائم کی توقع کر سکتے ہیں۔ ایک 65 واٹ کے فاسٹ چارجر کی مدد سے صرف 40 منٹ میں فون کو دوبارہ 100 فیصد چارج کرنا ممکن ہے۔

اضافی خصوصیات

اس فون کے دائیں جانب ایک لال سوئچ دیا گیا ہے جس کی مدد سے آپ فون کے گیمنگ موڈ میں داخل ہو جائیں گے۔ اس موڈ میں آپ کے تمام گیمز کی فہرست اور ان سے متعلق دیگر تفصیلات موجود ہیں۔

اضافی گیمنگ سیشنز کے دوران فون کو بہت زیادہ گرم ہونے سے بچانے کے لیے فون کی دائیں جانب ایک کولنگ سسٹم دیا گیا ہے، اس سسٹم میں ایک فین ضرورت کے مطابق کم یا زیادہ رفتار پر چلایا جا سکتا ہے۔ فون کے پراسیسر کے زیادہ سے زیادہ ٹھنڈا رہنے سے گیمنگ کی پرفارمنس بڑھ جاتی ہے۔

پاکستان