اہم ترین

آئین کی پاسداری معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام اور شہریوں کے بنیادی حقوق کو یقینی بنانے کے لیے آئین کی پاسداری معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے، انتظامی اتھارٹی کے علاوہ ریاست اور اس کے اداروں کا فرض ہے کہ وہ فلاح و بہبود پر مبنی نظام کے ذریعے معاشرے میں بہتری لائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں سماجی بہبود کے لیے عوامی خدمات کے اعتراف کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نیٹ ورک فار ہیومن اینڈ سوشل ڈیولپمنٹ کے زیر اہتمام اس تقریب میں انسانی خدمت اور انسان دوستی کے شعبے میں محکموں اور افراد کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔

 صدر عارف علوی نے کہا کہ آئین نے شہریوں کو اختیار دیا ہے جس سے سماجی انصاف پر مبنی سیاسی نظام کی حامل فلاحی ریاست کا ادراک ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی بہت ضروری ہے کیونکہ اس کے ستون تعلیم، صحت، روزگار، اور سماجی اور معاشی انصاف سمیت مختلف شعبوں میں بنیادی حقوق کے اہداف کو متعین کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کسی سیاستدان یا ادارے سے نہیں بلکہ ملک کے ہر فرد سے متعلق ہے۔

صدر نے یونیسیف کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اسکول سے باہر بچوں کی تعداد 22.7 ملین ہے جو ایک سنگین چیلنج ہے اور ان کی تعلیمی اور ہنر مندی کے نظام میں شمولیت کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ ملک کی آبادی کا 10 فیصد خصوصی افراد کو بھی مرکزی دھارے میں لانے کی ضرورت ہے۔

پاکستان