اہم ترین

ٹی 20 ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی پر قومی ٹیم میں چھانٹی ہوگی: عماد وسیم

اسٹار آل راؤنڈر عماد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی پر قومی ٹیم میں چھانٹی کی تصدیق کردی ۔۔ کہتے ہیں کہ ہم مجموعی طور پر بہت برا کھیلے۔

امریکا میں آئر لینڈ کے خلاف میچ سے ایک روز پہلے پریس کانفرنس کے دوران عماد وسیم نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ سب کچھ بہت مایوس کن ہے، یہ حقیقت ہے یہ سب سے نچلی سطح ہے۔ اس سے نیچے نہیں جا سکتے۔

ٹیم میں تبدیلیوں کے حوالے سے عماد وسیم نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ تبدیلیاں ہونی چاہئیں لیکن یہ سب میرے اختیار میں نہیں۔ ایک بڑی تبدیلی ہونی چاہیے تاکہ ہم آگے بڑھ سکیں۔

امریکا کے بعد بھارت سے یقینی فتح کی شکست میں تبدیلی پر عماد وسیم نے کہا کہ وکٹیں بالکل مختلف ہیں، کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہرا سکتی ہے۔ لیکن سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ہم کس طرح کھیل کھیلتے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ ہم اسے تبدیل کر دیں گے اور تمام لڑکے ایسا کرنے کے لیے بے تاب ہیں کیونکہ اس شکست نے ہمیں بہت نقصان پہنچایا۔

اسٹار آل راؤنڈر نے کہا کہ کھیل میں جیت کے لئے ذہنیت سب کچھ ہوتی ہے۔ اس لیے میں ذاتی طور پر مانتا ہوں کہ آپ کو آگ سے کھیلنا چاہیے۔ اور اگر آپ ہار گئے تو بھی خود سے کہہ سکتے ہیں کہ آج ہمارا دن نہیں تھا۔ہماری ٹیم بہت اچھی ہے، ہم کسی بھی قسم کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔ اس لیے آپ کو ناکامی کی ذہنیت کے خوف سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔

عماد وسیم نے کہا کہ ہم دنیا کی بہترین ٹیموں سے مقابلہ کرتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنیت بدلی ہے۔ ہم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں راج کرتے تھے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم اب تھوڑا پیچھے رہ گئے ہیں۔ اگر آپ کھلاڑی کا ذہن بدلیں تو آپ اپنی حد سے باہر کی چیزیں بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

عماد وسیم نے کہا کہ ہم نے خود ہی دو میچ ہارے ہیں۔ امریکا سے ہار کھیل کا حصہ ہے، لیکن ہمیں امریکا سے نہیں ہارنا چاہے تھا۔ بھارت کے خلاف میچ تو ہمارے ہاتھ میں تھا، اس لیے اس میں کوئی بہانہ نہیں ہے کہ ہم اجتماعی طور پر میچ ہارے ہیں۔

اپنے مستقبل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جہاں تک ریٹائرمنٹ کا تعلق ہے، آئرلینڈ کے خلاف میچ کے بعد ہم بیٹھ کر بات کریں گے اور پھر فیصلہ کریں گے۔ میں چھپ کر کچھ نہیں کرتا۔ میں نے پچھلی بار ریٹائر ہونے پر سب کو بتایا تھا۔ اگر کچھ ہوا تو میں آ کر سب کو بتاؤں گا۔ پاکستان ٹیم میں چھانٹی کی جائے گی۔

پاکستان