اہم ترین

نیٹ فلکس پر کمائی کے معاملے میں ہیرا منڈی نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس کو بھارتی ویب سیریز ہیرا منڈی نے مالا مال کردیا۔۔ جس کی تصدیق نیٹ فلکس کے سی ای او ٹیڈ سیرینڈاس نے کی ہے۔

نیٹ فلکس پر 2024 کی دوسری سہ ماہی میں ہیرامنڈی سب سے دیکھی گئی ویب سیریز قرار پائی ہے۔ ناظرین اور ناقدین نے ویب سیریز کے سیٹس کو بہت پسند کیا ۔

او ٹی ٹی پلیٹ فارم نے 2024 کی دوسری سہ ماہی کے دوران آمدنی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہیرا منڈی نیٹ فلکس پر اب تک بھارت کی سب سے مقبول سیریز ہے، اسے ڈیڑھ کروڑ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

ہیرا منڈی دنیا کے 43 ممالک میں مسلسل چار ہفتوں تک (غیر انگریزی ویب سیریز ) کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہی جب کہ بھارت میں 11 ہفتوں تک ٹاپ 10 کی فہرست میں شامل رہی ۔

اس موقع پر نیٹ فلکس کے سی ای او ٹیڈ سیرینڈاس نے سنجے لیلا بھنسالی کی دل کھول کر تعریف کی ۔ اور ہیرا منڈی کو بھارت میں نیٹ فلکس کی اب تک کی سب سے بڑی ڈرامہ سیریز قرار دیا ۔

ٹیڈ سیرینڈاس نے کہا کہ سنجے لیلا بھنسالی بھارت کے واحد فلم ساز ہیں جنہیں فلم سازی کے تمام شعبوں کا بخوبی علم ہے۔ وہ ہندوستانی سنیما کی اس میراث کو آگے بڑھانے والے واحد فلم ساز ہیں، جسے دنیا بھر میں بالی ووڈ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

پاکستان