جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری کی تخلیق ’پشپا 2: دی رول‘ نے ناصرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں دھوم مچا رکھی ہے۔ فلم کی ریلیز کو 50 دن مکمل ہوگئے ہیں لیکن اس کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔فلم نے ایک نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
اللو ارجن، رشمیکا مندنا اور فہد فاصل جیسے اداکاروں پر مشتمل ‘پشپا 2: دی رول’ نے تمام بھارتی فلموں کو مات دے دی۔ ‘پشپا 2: دی رول’ بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔ ریلیز کے 50 دن گزرنے کے بعد بھی اس کی کمائی کی رفتار کم نہیں ہوئی ہے۔ اس فلم نے اتنی کمائی کی ہے کہ بنانے والوں کا خزانہ بھر گیا ہے لیکن یہ پھر بھی پیسے چھاپنے کی مشین بنی ہوئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ‘پشپا 2: دی رول’ کے سامنے کوئی بھی نئی ریلیز نہیں ٹھہر سکی اور یہ 50 دن گزرنے کے بعد بھی ناظرین کو سینما گھروں کی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب ہے۔
اگر فلم کی کمائی کی بات کی جائے تو پشپا 2 اپنی ریلیز کے بعد 50 دنوں میں بھارتی سینما گھروں سے 1230 کروڑ روپے کما چکی ہے۔ جب کہ عالمی سطح پر اس کی کمائی کا حجم 1800 کروڑ روپے بنتا ہے۔ فلم کے ہندی ڈب ورژن نے باکس آفس سب سے زیادہ کمائی کی ہے جو کہ 800 کروڑ روپے بنتی ہے۔ اس طرح پشپا 2 نے ہندوستانی سنیما میں ایک نیا معیار بھی قائم کیا ہے۔
پشپا 2 بنانے والی کمپنی متھری مووی میکرز نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر 50 روزہ سنگ میل کا جشن منایا۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ میں پشپا 2 کے 50 مشہور دن، ہندوستانی سنیما انڈسٹری کی ہٹ فلم نے باکس آفس پر بہت سے ریکارڈ بنائے اور نئے معیار قائم کیے ہیں۔