اہم ترین

کور کمانڈرز کانفرنس: آپریشن ”عزمِ استحکام“ سے متعلق بلاجواز تنقید پر تشویش

پاک فوج کی اعلیٰ ترین قیادت نے نے چند حلقوں کی جانب سے آپریشن ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اور مخصوص مفادات کے حصول کے لئے قیاس آرائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیرکی زیر صدارت پاک فوج کی 265ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

فورم نے امن و استحکام کیلئے شہداء، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت- پیش کیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ” عزمِ استحکام” کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فورم نے انسدادِ دہشت گردی کے لئے آپریشن ”عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیا-

پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے”عزمِ استحکام“ دہشت گردی اورغیر قانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لئے وقت کا اہم تقاضا قرار دیا۔

انہوں نے چند حلقوں کی جانب سے ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورمخصوص مفادات کے حصول کے لئے قیاس آرائیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کے لئے کوشاں ہے

کانفرنس کے شرکاء نے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیتے یوئے کہا کہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کیلئے پُرعزم اور متحد ہیں۔

فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے لئے مکمل تعاون کا بھی اعادہ کیا ۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اورمعاشی ترقی و استحکام کے لئے کی جانے والی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی-

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے۔

آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی۔

پاکستان