اہم ترین

شاہد خاقان عباسی کی عوام پاکستان پارٹی باقاعدہ لانچ

شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسمعایل اور مہتاب عباسی نے عوام پاکستان پارٹی کی باقاعدہ لانچنگ کردی۔

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان کے علاوہ سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل، سابق گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی، سابق وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، سابق صوبائی وزیر پنجاب زعیم قادری اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام ہے نہ معاشی استحکام، برآمدات میں کمی اور مہنگائی بڑھ رہی ہے، غریب آدمی پریشان ہے، کبھی نہیں سوچا تھا کہ ملک کی ایسی حالت ہوگی۔ پورا ملک تکلیف میں ہے لیکن حکمرانوں کو کوئی پرواہ نہیں، جو ملک دودھ پر بھی ٹیکس لگادے وہ اگلے سال کیا کرے گا؟۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کا مستقبل پارلیمانی جمہوریت اور آئین سے جڑا ہوا ہے۔ یاد رکھیں کہ فارم 47 والے ملک نہیں بناتے۔ ہم آئین کو کاغذ کا ٹکڑا سمجھتے ہیں۔ اس ملک کا وزیراعظم آرمی چیف کے تابع نہیں ہو سکتا، اسی طرح دوسرے عہدیدار بھی کسی کے ماتحت نہیں ہو سکتے ہیں ہم سب پاکستان کے آئین کے تابع ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم سے ہر جگہ کچھ لوگ صاف اور کچھ اشاروں میں پوچھتے ہیں کہ کیا ’اسٹیبلشمنٹ ساتھ ہے؟، اس سے اجازت لے آئے ہیں؟۔ 24 کروڑ کے ملک میں یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ کوئی سیاسی جماعت ہے تو پھر اسے اسٹیبلشمنٹ نے ہی بنایا ہو گا۔ یہ ملک کی بدنصیبی ہے کیونکہ ماضی میں بننے والی جماعتوں کی ایک طویل فہرست ہے جو اسٹیبلشمنٹ نے ہی بنائی ہیں۔

پاکستان