پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کر رہا ہے لیکن بھارت کی مودی سرکار کسی بھی قیمت پر ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم کو پاکستان بھجوانا نہیں چاہتی۔ اس صورت حال میں ہر کھلاڑی اپنی رائے کا اظہار کررہا ہے۔ شعیب ملک نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے انتہائی انوکھا بیان دیا ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کہتان شعیب ملک نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جو بھی اعتراضات ہیں وہ الگ مسئلہ ہے اور اسے الگ سے حل کیا جانا چاہیے، سیاست کو کھیل میں نہیں آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا گزشتہ سال پاکستانی ٹیم بھارت گئی تھی اور اب پاکستان میں میگا ایونٹ ہوناہے۔ ٹیم انڈیا کے لیے ایک اچھا موقع ہے، مجھے لگتا ہے کہ ٹیم میں ایسے کئی کھلاڑی ہیں جو پاکستان میں نہیں کھیلے ہیں، اس لیے مجھے یقین ہے کہ بھارتی ٹیم کو آنا چاہیے۔
میڈیا رپورٹس اور بھارتی حکومت کا مزاج دیکھا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ ٹیم انڈیا پاکستان جانے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھا رہی ہے۔ کچھ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی ہار مان لی ہے۔ پی سی بی نے یہ فیصلہ آئی سی سی پر چھوڑ دیا کہ آیا بھارتی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان آنا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کو 2023 میں ایشیا کپ کی میزبانی کا موقع بھی ملا تھا، لیکن ٹیم انڈیا نے ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ ایشیا کپ میں ہندوستانی ٹیم نے سری لنکا میں اپنے میچ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ چیمپئنز ٹرافی کا نتیجہ کیا نکلتا ہے۔