بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری اداروں میں اصلاحات کے بعد آزادانہ، منصفانہ اور شرکت پر مبنی انتخابات کرائے جائیں گے۔
بنگلا دیشی کے میڈیا کے مطابق مشیر اعظم (چیف ایڈوائزر) کی حیثیت سے ملک کے عبوری سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن، عدلیہ، سول انتظامیہ، سیکورٹی فورسز اور ذرائع ابلاغ میں اصلاحات عبوری حکومت کا مینڈیٹ ہے۔ جیسے ہی یہ کام مکمل ہوجائے گا ملک میں نئے انتکابات کرادیئے جائیں گے۔
محمد یونس نے کہا کہ انہوں نے ایک ایسے ملک کا کنٹرول سنبھلا ہے جہاں اقتدار میں رہنے کے لیے شیخ حسینہ نے ہر ادارہ تباہ کر دیا۔ عدلیہ کو توڑا گیا۔ شہریوں کے بنیادی جمہوری حقوق غصب کردیئے گئے۔ طاقت کا غلط استعمال کرکے قومی خزانے میں لوٹ مار کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت اولین ترجیح امن و امان کا قیام ہے۔ بے یقینی ختم ہونے تک مسلح افواج قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد جاری رکھیں گی۔ ہمیں ہر صورت کامیاب ہی ہونا ہوگا ۔ اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہے۔