برازیل کی سپریم کورٹ کا قانونی نمائندے کے تقرر تک مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ایکس پر پابندی کا حکم دے دیا ہے جب کہ وی پی این کے ذریعے ایکس استعمال کرنے والوں پر بھی جرمانے کا حکم دے دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیل کی سپریم کورٹ کے جسٹس الیگزینڈر ڈی موریس نے 28 اگست کو ایکس انتظامیہ کو حکم دیا کہ وہ کمپنی برازیل میں قانونی نمائندہ مقرر کرے ۔ بصورت دیگر ملک میں ایکس (X) کو بند کیا جا سکتا ہے۔
30 اگست کو سپریم کورٹ نے حکم نہ ماننے پر ایکس کو بند کرنے جب کہ ایک کروڑ 85 لاکھ ریئز (25 لاکھ برطانوی پاؤنڈز) کا جرمانہ کردیا۔
عدالتی حکم مں کہا گیا ہے کہ ایکس کے قانونی نمائندے کی تقرری اور جرمانے کی ادائیگی تک برازیل میں ایکس بند رہے گا۔
اس کے علاوہ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) کے ذریعے ایکس چلانے والوں کو روزانہ 50 ہزار ریئز (6785 پاؤنڈ) جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جسٹس الیگزینڈر ڈی موریس نے ایپل اور گوگل کو بھی حکم دیا کہ وہ برازیل میں اپنے آپریٹنگ سسٹم پر ایکس کو بلاک کرے۔