جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرسکتی۔
ملتان میں پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم (جے یو آئی) اور پاکستان تحریک انصاف اپوزیشن میں ہے، بہتر ہے کہ پی ٹی آئی اور ہمارے درمیان تلخ دور ختم ہو۔ ہمیں اس پر اگے بڑھنا چاہیے۔اگر ہم اس کسی اتفاق رائے پر پہنچتے ہیں تو یہ پاکستانی سیاست کے لیے اچھی علامت ہوگی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بدقسمتی سے پارلیمان ایک ایسا کردار ادا کررہی ہے جس میں عوام کی خدمت کم اور طاقتوروں کی زیادہ ہے۔حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرسکتی اور مہنگائی اور دیگر مسائل کی وجہ سے عوام کے اندر ناراضگی بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔
آئینی ترامیم سے متعلق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارا آئینی عدالت کے قیام پر اتفاق رائے موجود ہے، حکومت آئینی ترامیم کا مسودہ دینے پر راضی نہ تھی۔ مطالبے پر مسودے کی ایک نقل پیپلز پارٹی کو دی گئی اور ایک نقل ہمیں دی گئی۔ جب ہمیں مسودہ دیا گیا تھا اس وقت تک حکومت کے پاس اکثریت نہیں تھی، ان کا انحصار جے یو آئی اراکین پر تھا۔