اہم ترین

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس، نو مئی کے ذمہ داران کو کٹہرے میں لانے کا فیصلہ

 وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں اعلیٰ عسکری قیاد ت اور وفاقی وزرا نے شرکت کی۔ اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلوں کی بابت ذرایع کا کہنا ہے کہ شرکا نے نو مئی کو ہونے والے پُرتشدد واقعات سے ہونے والے نقصانات کی شدید مذمت کی جب کہ متفقہ طور پر عسکری تنصیبات اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث افراد کو قانون کے کہٹرے میں لانے اور سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جو کام 75 سالوں میں پاکستان کے دشمن نہ کرسکے وہ کام ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے کردیا۔ سیای مقاصد کے لیے اداروں پر حملہ قابل مذمت ہے۔ ملزمان نے قومی حمیت کے حامل جناح ہاؤس کو نذر آتش کردیا۔

تاہم، افواج پاکستان نے اس سارے معاملے میں جس تحمل کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف ہے۔اور پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی اس کانفرنس میں  فوجی تنصیبات پر حملوں اور جلاؤ گھیراؤ کی شدید مذمت کی گئی اور اس گھناؤنی حرکت میں ملوث افراد کا آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور پاکستان آرمی ایکٹ ک تحت ٹرائل کا اعادہ کیا گیا۔

کور کمانڈر کانفرنس، فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید ترین مذمت

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فوج میں عسکری تنصیبات پر حملوں پر شدید غم و غصہ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوران بریفنگ کانفرس کے شُرکا کو بتایا گیا کہ افواج پاکستان ناقابلِ تردید شواہد کی بنیاد پر ان حملوں کے منصوبہ سازوں، حملے پراُکسانے والوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے تمام مجرموں سے بخوبی واقف ہیں۔

کانفرنس میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جسے ایک سیاسی جماعت کی قیادت نے محض  اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے استعمال کیا۔ کانفرنس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ  کسی بھی حلقے کی جانب سے قیامِ امن و امان کے لیے رکاوٹ ڈالنے والوں سےآہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

کانفرنس کے شُرکا کو بریفنگ دی گئی کہ ایک مربوط منصوبے کے تحت شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذرِ آتش اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ کی گئی تاکہ ادارے کی بدنامی ہو سکے، اور اس سارے عمل کا مقصد ایک ذاتی سیاسی ایجنڈے کا حصول تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس سارے معاملے پر فوجی فارمیشنز کی جانب سے تحمل اور پختہ ردِ عمل کو سراہا۔ کور کمانڈر کانفرنس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ کسی بھی ایجنڈے کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوںسے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

شرکاء نے بیرونی طور پر اسپانسر شدہ اور اندرونی سہولت یافتہ عناصر کے منظم پروپیگنڈہ پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور واضح کیا شرمناک پروپیگنڈے کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا اور مسلح افواج کے رینک اینڈ فائل کے اندر دراڑ پیدا کرنا ہے۔

کور کمانڈر کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ دُشمن قوتوں کے شیطانی پروپیگنڈے کو عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی‘۔  کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان عوام کی بھرپور حمایت سے  پاکستان کے دشمنوں کے ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔

فورم نے موجودہ غیر مستحکم سیاسی صورتحال میں قومی سطح پرتمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کے اعتماد معاشی ترقی اور جمہوری نظام کو دوام بخشا جا سکے۔

کانفرنس کے شرکاء نے شہدائے پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے دفاعِ وطن اور اس قوم پر اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔

کانفرنس میں بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں دہشت گردوں کے حملے کا بھرپور جواب دینے اور اس میں شہید ہونے والے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

پاکستان