سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے انتظامات کی نگرانی کے ذمہ دار ادارے نے مسجد نبوی میں افطار دسترخوان کے لیے اضافی چیزوں کی منظوری دے دی ہے۔
سعودی اخبار وطن کی ویب سائیٹ کے مطابق ادارہ امورحرمین نے ہدایت کی ہے کہ مسجد نبوی میں افطار کرانے کے خواہش مند افراد متعین ضوابط کی سختی سے پابندی کریں۔
کوئی بھی شخص مسجد نبوی میں منظورشدہ کیٹرنگ سروس فراہم کرنے والوں کی خدمات حاصل کئے بغیر وہاں موجود افراد کو افطار نہیں کراسکتا۔ تاکہ معیار کے مطابق اشیائے خورونوش کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔
ادارہ امورحرمین نے مسجد نبوی میں افطار دسترخوان کے لیے مزید اضافی چیزوں کی منظوری بھی دے دی ہے۔ مسجد نبوی کے اندر افطار دسترخوان کے لیے کھجور، روٹی، دہی، پانی اور دقہ ( مصالحہ) فراہم کیا جاسکتا تھا۔
انتظامیہ نے کپ کیک، خشک میوہ جات یا میوہ بھری کھجور یا ملائی کی بھی اجازت دی ہے جسے افطاری کے لیے پیش کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب مسجد نبوی میں رمضان المبارک کے لیے معلومات فراہم کرنے کے لئے افطار دسترخوان فراہم کرنے والوں کے لیے ایک آن لائن پورٹل کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔