اہم ترین

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں، 30افراد جاں بحق

ملک کے بیش تر حصوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں ہونے والی طوفانی بارشوں اور آندھی کی وجہ سے ہونے والےحادثات کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق، جب کہ 140 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے، زیادہ تر حادثات آندھی اور طوفان کی وجہ سے دیواریں اور چھتیں گرنے سے ہوئی، جن میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔

بارشوں کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام اسپتالوں میں  ہنگامی صورت حال نافذ کردی گئی ہے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بیش تر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ہے اور ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے بارشوں کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

نگران وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ افراد کی فوری مدد کے لیےامدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو بھی متاثرہ آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے اور فوری امداد فراہم کرنے کےلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے اور تمام دست یاب وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور اور ان کی ممکنہ حد تک مدد کی جائے گی۔

پاکستان