اہم ترین

عالیہ بھٹ کا ہالی وڈ ڈیبیو،مہیش بھٹ کا اہم بیان سامنے آگیا

بھارتی فلم نگری میں اپنی اداکاری کا سکہ جمانے والی عالیہ بھٹ نے فلم  ‘دی ہارٹ آف اسٹون’ سے ہالی وڈ میں  ڈیبیو کردیا ہے، فلم میں عالیہ بھٹ کے علاوہ گال گیڈوٹ اور جیمی ڈورنن مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے

عالیہ بھٹ کے ہالی وڈ ڈیبیو کے موقع پر ان کے والد مہیش بھٹ نے خوشی اور فخر کا اظہارتے ہوئے کہا کہ “جب میں اسے(عالیہ بھٹ)  گال گیڈوٹ اور جیمی ڈورنن جیسے بین الاقوامی اداکاروں کے ساتھ دیکھتا ہوں تو میرا دل فخر سے سرشار ہو جاتا ہے۔ آج کے نوجوان جب بین الاقوامی ٹیلنٹ کی بات کرتے ہیں تو وہ اپنے آپ کو کسی سے کم محسوس نہیں کرتے کیونکہ وہ اس خیال کے سایہ سے دور وہاں کھڑے ہو سکتے ہیں کہ یہ ہالی ووڈ ہے۔”

مہیش بھٹ نے ایک واقعہ کا بھی ذکر کیا جب عالیہ بھٹ نے ہالی ووڈ اور بالی ووڈ میں فرق کو واضح کیا۔ مہیش نے انٹرویو کے دوران کہا، “مجھے یاد ہے کہ ایک مرتبہ میں نے عالیہ سے پوچھا کہ ‘وہ کون سی چیز ہے جو ان (ہالی ووڈ) کے پاس ہے اور ہمارے (بالی ووڈ) پاس نہیں؟’ اور اس کا سیدھا جواب تھا کہ ‘پیسہ’۔ اس نے یہ بات بڑی عاجزی سے کہی۔”

مہیش بھٹ نے بتایا، “عالیہ نے یہ بھی کہا کہ وہ بہت پیشہ ور لوگ ہیں اور کام کرنے کا طریقہ بھی جانتے ہیں لیکن ان کے پاس پیسہ بھی ہے، ہمارے پاس بھی باقی سب کچھ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہماری قوم کو بہت زیادہ اعتماد کی ضرورت ہے۔”

برازیل میں نیٹ فلکس ٹیوڈم ایونٹ کے ایک حصے کے طور پر، دی ہارٹ آف اسٹون کا ٹریلر گزشتہ اتوار کو ریلیز ہوا۔ فلم میں جیمی ڈورنن اور گال گیڈوٹ کے ساتھ عالیہ بھٹ بھی نظر آئیں گی۔ گال گیڈوٹ جاسوسی تھرلر میں دنیا کو بچانے کے مشن پر ہے اور عالیہ بھٹ گال گیڈوٹ کے مثالی مخالف کا کردار ادا کرتی نظر آتی ہیں۔ گال گیڈوٹ نے ٹریلر میں ایک خفیہ تنظیم چارٹر کی رکن ریچل اسٹون کی تصویر کشی کی ہے۔

ہارٹ آف سٹون، جس کی ہدایت کاری ٹام ہارپر نے کی ہے اس کے اداکاروں میں گیل گیڈوٹ، جیمی ڈورنن اور عالیہ بھٹ کے علاوہ سوفی اوکونیڈو، میتھیاس شوئیگوفر، جینگ لوسی، اور پال ریڈی بھی شامل ہیں۔

عالیہ بھٹ بالی ووڈ فلم ‘راکی اور رانی کی پریم کہانی’ میں بھی جلد نظر آئیں گی۔جس میں وہ شبانہ اعظمی، جیا بچن اور دھرمیندر جیسے لیجنڈری اداکاروں کے ساتھ اداکاری کرتی نظر آئیں گی۔

پاکستان