اہم ترین

ومبلڈن کوارٹر فائنل میں بڑا اپ سیٹ، دفاعی چیمپئن کو شکست

ومبلڈن کوارٹر فائنل میں اونس جبیور نے چیمپئن شپ میچ میں ایلینا رائباکینا کے ہاتھوں اپنی گزشتہ سال کی شکست کا بدلہ لے لیا۔

خواتین ٹینس کی عالمی نمبر 6 اونس جبیور نے ایک سخت مقابلے کے بعد 6-7 (5-7) 6-4 اور 6-1 سے کامیابی حاصل کی۔

تیونس کی کھلاڑی نے بروقت سرو بریک کے ساتھ دوسرا سیٹ 5-4 سے جیتا اور پھر اپنی حریف پر حاوی ہو گئیں۔

اونس جبیور جمعرات کو سیمی فائنل میں آرینا سبالینکا سے مدمقابل ہوں گی جنہوں نے میڈیسن کیز کو شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنائی ہے۔

بیلاروس کی عالمی نمبر 2 سبالینکا نے امریکی کھلاڑی کو 6-2 6-4 سے شکست دی اور پہلا ومبلڈن ٹائٹل جیتنے اور ایگا شویانٹیک کی جگہ عالمی نمبر ایک بننے کے امکانات کو روشن کر لیا۔

اپنی طاقتور شاٹس کے لیے مشہور کھلاڑی کے خلاف، اونس جبیور پچھلے سال کی نسبت بہت زیادہ جارحانہ نظر آئیں۔ تیونس کی کھلاڑی نے رائباکینا کے 21 کے مقابلے میں 35 وننگ شاٹس کھیلے۔

جبیور نے میچ کے بعد کہا، “میں نے کہا تھا کہ میں اپنے شاٹس کا استعمال کروں گی کیونکہ اگر آپ ان (رائباکینا) کو ایک آسان حریف سمجھیں گے تو یہ آپ کے حق میں نہیں ہوگا۔”

رائباکینا کوارٹر فائنل سے پہلے پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک بار اپنی سروس کے خلاف ناکام ہوئی تھیں لیکن جبیور کے خلاف وہ مسلسل دباؤ میں رہیں۔

انہوں نے اپنی سیمی فائنل کی حریف سبالینکا کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا، “وہ بہت جلدی کھیل پر حاوی ہو جاتی ہیں جس کی مجھے فکر ہے۔ وہ ایک حیرت انگیز کھلاڑی ہیں۔ وہ ایلینا کی طرح بہت طاقتور شاٹس کھیلتی ہیں لہٰذا مجھے معلوم ہے کہ یہ بہت چیلنجنگ (مقابلہ) ہوگا۔”

انہوں نے مزید کہا، “یہ ایک چیلنجنگ میچ ہوگا، لیکن میں اپنے اسی انداز سے کھیلوں گی اور امید ہے کہ تماشائی بھی میرا ساتھ دیں گے۔”

پاکستان