اہم ترین

نیٹ فلکس صارفین کی تعداد میں بڑا اضافہ

رواں سال کے آغاز میں نیٹ فلک کی جانب سے پاس ورڈ کے اشتراک پر پابندی کے بعد صارفین کی ایک بڑی تعداد نے سروس کے لیے سائن اپ کیا۔

جون کے آخر تک کمپنی کے صارفین کی تعداد 238 ملین سے زیادہ ریکارڈ ہوئی، مارچ کے بعد 5 اعشاریہ 9 ملین افراد نے سروس کے لیے انفرادی طور پر سائن اپ کیا ہے۔

یہ نتائج ابتدائی تخمینوں سے کہیں زیادہ ہیں اور سال کے آغاز میں سبسکرائبرز کی تعداد میں زبردست کمی کے باوجود ہونے والی یہ ترقی کمپنی کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔

کمپنی کو مصنفین اور اداکاروں کی طرف سے امریکہ میں جاری ہڑتالوں کی وجہ سے بھی مسائل کا سامنا ہے۔ نیٹ فلکس کے مطابق، وہ اس سال نئے مواد کی تخلیق پر اس ہڑتال کے نتیجے میں توقع سے کم اخراجات کرے گا۔ یہ گذشتہ چھ دہائیوں میں انڈسٹری کی سب سے بڑی ہڑتال ہے، جبکہ نیٹ فلکس کے باس ٹیڈ سرینڈوس نے کہا کہ “ہمیں اس ہڑتال کو کسی نتیجے پر پہنچانے کی ضرورت ہے”۔

نیٹ فلکس کا کہنا ہے کہ صارفین کو سبسکرپشن کے نئے آپشنز کی طرف راغب کرنا بہت سود مند ثابت ہوا۔ یہ نئے آپشنز ایک نیٹ فلکس کی بنیادی رکنیت کے مقابلے میں کافی سستے ہیں۔

کمپنی نے مئی میں برطانیہ، امریکہ اور دیگر بڑی مارکیٹوں میں اپنا “پیڈ شیئرنگ” پروگرام متعارف کرایا، جس کے مطابق اگر صارفین دیگر لوگوں کے ساتھ پاس ورڈ شیئر کرنا چاہتے ہیں تو انہیں اضافی فیس ادا کرنی ہوتی ہے۔ یہ پروگرام اب تک 100 سے زیادہ مزید ممالک میں متعارف کرایا جاچکا ہے۔

مزید برآں، کمپنی نے پچھلے سال اشتہارات کے ساتھ ایک اور سستا اسٹریمنگ پیکج متعارف کرایا اور فروری میں درجنوں ممالک میں سبسکرپشن کی لاگت کو کم کیا۔

نیٹ فلکس نے کہا کہ ایسے صارفین کی تعداد بہت کم رہی جنہوں نے پاس ورڈز سے متعلق پالیسی میں تبدیلیوں کے نتیجے میں سبسکرپشن منسوخ کر دی تھی اور اس کا خیال ہے کہ یہ پروگرام آنے والے مہینوں میں سبسکرائبرز کی تعداد کو بڑھانے میں مدد دے گا۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق دنیا بھر میں 100 ملین سے زیادہ گھرانے نیٹ فلکس کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاس ورڈ شیئر کرتے ہیں۔

پاکستان